زیادہ کمانے والے اداکار، سکارلٹ جوہانسن سرفہرست

نیویارک(ڈیلی خبر)فوربز میگزین کے مطابق امریکی اداکارہ سکارلٹ جوہانسن 2016 کی سب سے زیادہ کمانے والی اداکارہ ہیں۔اس سال سکارلٹ جوہانسن کی تین فلموں نے دنیا بھر میں مشترکہ طور پر 1.2 ارب ڈالر کا کاروبار کیا۔مارول فلمز میں سکارلٹ جوہانسن کے ساتھی اداکار کرس ایونز اور رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے جن کی فلموں نے 1.15 ارب ڈالرکا کاروبار کیا۔پچھلے سال کرس پریٹ سرفہرست تھے جبکہ 2014 میں یہ اعزاز جینیفر لارنس کو ملا تھا۔فوربز میگزین ہر سال یہ فہرست دنیا بھر میں فلموں کی ٹکٹوں کی خرید و فروخت کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے بناتا ہے۔ اس فہرست میں اینیمیٹڈ فلمیں شامل نہیں کی جاتیں۔فہرست میں شامل پہلے پانچ ناموں میں دو اور اداکارائیں مارگوٹ ریبی اور ایمی ایڈمز بھی شامل ہیں۔ مارگوٹ ریبی نے فلم سوسائیڈ سکواڈ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھےجبکہ ایمی ایڈمز نے ‘بیٹ مین ورسز سپر مین ڈان آف جسٹس’ میں لوئیس لین کا کردار ادا کیا تھا۔برطانوی اداکارہ فیلیسٹی جونز بھی اس فہرست میں شامل ہیں جن کی اس سال کی تین فلموں نے 805 ملین ڈالر کا کاروبار کیا۔