پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان کو جواب دینا ہو گا، شہرت کونقصان پہنچانے پر قوانین موجود ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ڈیلی خبر) وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پانامہ پیپرز بھول جانے کی بات کرتی ہے مگر ہم بھولنے نہیں دیں گے اور انہیں وزیراعظم نوا زشریف کی شہرت کو نقصان پہنچانے کا جواب دینا ہو گا، اسی ملک میں شہرت کو نقصان پہنچانے کے قوانین بھی موجود ہیں ، پچھلی مرتبہ معاف کردیا تھا کہ سیاست میں نئے ہیں ، انہیں معلوم نہیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آج نئی کہانی سنائی اور پھر شرمندگی اٹھائی۔ آج پی ٹی آئی کا موقف تھاکہ پانامہ پیپرز ایک منٹ کیلئے بھول جائیں، وکیل نے کہا کہ صرف وزیراعظم کی تقریر پر بات کریں ۔ پی ٹی آئی ایک بار پھر پتلی گلی سے بھاگنے کی کوشش میں ہے لیکن اسے بھاگنے نہیں دیں گے اور یہ پانامہ پیپرز بھولنے کی بات کرتی ہے لیکن ہم بھولنے نہیں دیں گے۔ عمران خان نے وزیراعظم پر جھوٹے الزامات لگائے اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا، اس کا جواب دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ عدالت ثبوت اکٹھے نہیں کرتی بلکہ ثبوتوں پر فیصلہ سناتی ہے لیکن پی ٹی آئی کو عدالت کے باہر عدالت لگانے کی عادت ہے۔ پی ٹی آئی پتلی گلی سے بھاگنا چاہتی ہے لیکن ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔