موسم رنگ بدلنے لگا‘ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی نوید

اسلام آباد(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور سمیت چند علاقوں میں آج بارش کی نوید سنادی ۔ کراچی میں آج رات یا کل بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ملک بھر میں موسم رنگ بدلنے لگا۔کہیں بادلوں کے ڈیرے تو کہیں سورج سوا نیزے پر ہے۔ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم کے رنگ ماہ جون میں الگ الگ ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش برسے گی۔ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ تاہم کہیں مطلع جزوی ابر آلود اور کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب زیادہ گرمی حیدرآباد میں ہونے کا امکان ہے جہاں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہے گا ۔ گرم اور خشک ہوائیں بھی چلیں گی ۔۔ کراچی میں درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب ساٹھ فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہےجس سے گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔اسلام آباد ،پشاور اور اسکردو میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مظفرآباد ، مری ، فیصل آباد اور ملتان میں گرم اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ راولپنڈی ۔ بالائی فاٹا اورکشمیر میں چند مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی کے باسیوں کو بھی آج رات یا کل دن میں ہلکی بوندا باندی کی نوید سنائی ہے جبکہ گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، سرگودھا ، ساہیوال ،ملتان ، ڈی جی خان ، بہاولپور ،پشاور اور بنوں میں بھی بادل برسیں گے۔ کوہاٹ ، مردان ،ڈی آئی خان ، ہزارہ ڈویژن ،فاٹا، اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے باعث بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش چکوال میں 63 ملی میٹرریکارڈ کی گئی جبکہ دادو 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔