سلمان بٹ اچھا پرفارم کر رہے ہیں، سلیکشن کمیٹی کو گرین سگنل دیدیا: شہریار خان

لاہور (ڈیلی خبر) قومی کرکٹر سلمان بٹ کی قسمت کا ستارہ ایک بار پھر چمکنے کو تیار ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے قومی سکواڈ میں ان کی شمولیت کا عندیہ دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ سلمان بٹ اچھا پرفارم کر رہے ہیں اس لئے قومی سکواڈ میں شمولیت کیلئے سلیکشن کمیٹی کو گرین سگنل دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ کرکٹ کے جس بدترین سکینڈل کے باعث دنیا بھر میں پاکستان رسوا ہوا اس کا مرکزی کردار سلمان بٹ ہی تھے اور ان کیساتھ محمد آصف اور محمد عامر تھے۔ تینوں کرکٹرز کو قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی جو یہ پوری کر چکے ہیں۔محمد عامر تو آئی سی سی کے ایک ریلیف پروگرام کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کر کے اور پوری دنیا میں جوئے کے خلاف کمپین چلانے کے بعد قومی ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں تاہم محمد آصف اور سلمان بٹ تاحال اس میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے لیکن لگتا ہے کہ سلمان بٹ کی ”محنت“ بھی رنگ لے آئی ہے اور وہ دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے تیاری مکمل کر چکے ہیں۔