گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی’ کیا‘ کی 9 سال بعد پاکستانی مارکیٹ میں واپسی، آتے ہی کتنی گاڑیاں متعارف کرارہی ہے؟ پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

لاہور (ڈیلی خبر) جنوبی کوریا کی کار ساز کمپنی ’ کیا‘ نے 9 سال بعد پاکستان واپسی کا اعلان کردیا ہے، کمپنی اپنی واپسی کو دھماکے دار بنانے کیلئے 4 نئی گاڑیاں متعارف کرائے گی ، ان میں تین مسافر اور ایک لوڈر گاڑی شامل ہے۔جنوبی کورین آٹو موبائل کمپنی ’ کیا ‘ لکی سیمنٹ گروپ کے ساتھ پاکستان میں جوائنٹ وینچر شروع کرے گی ، اس سے قبل کمپنی دیوان فاروق کے ساتھ مل کر پاکستان میں گاڑیاں بناتی تھی تاہم یہ سلسلہ 2009 میں بند کردیا گیا تھا۔ کیا لکی موٹرز نے حال ہی میں وزارت صنعت و پیداوار کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے بعد وہ پاکستان میں باضابطہ طور پر گاڑیاں بنانے کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔کیا موٹرز پاکستان کی ویب سائٹ پر 4 گاڑیاں دکھائی جارہی ہیں جن میں پکانتو، سپورٹیج، کارنیوال اور کے 2700 (پک اپ) شامل ہیں۔کمپنی کی جانب سے ان گاڑیوں کی قیمت کے بارے میں تاحال اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس بابت کچھ بتایا گیا ہے کہ کون سی گاڑی پہلے لانچ کی جائے گی تاہم ویب سائٹ پر دی گئی معلومات دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے یہ چاروں گاڑیاں بیک وقت لانچ کی جاسکتی ہیں۔