حسین حقانی کے وارنٹ جاری نہیں کیے : انٹرپول

واشنگٹن (ڈیلی خبر) انٹرپول کی جانب سے تاحال پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ جاری نہیں کیے گئے، انٹرپول حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نہ تو انٹرپول نے حسین حقانی کا بلیو نوٹس جاری کیا ہے اور نہ ہی ان کے ڈیٹا بیس میں اس حوالے سے کوئی معلومات موجود ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق میڈیا پر گرفتاری وارنٹ جاری ہونے سے متعلق اطلاعات کے بعد حسین حقانی کے وکیل نے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا جس پر انٹر پول کی جانب سے کہا گیا ” ‘انٹرپول تصدیق کرتی ہے کہ حسین حقانی کے خلاف انٹرپول نے بلیو نوٹس جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے ان کے ڈیٹا بیس میں کوئی معلومات بھی موجود نہیں ہیں“۔خیال رہے کہ 15 فروری کو سپریم کورٹ نے میموگیٹ اسکینڈل کی سماعت کے دوران عدالت نے سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔رواں ماہ کے آغاز میں ایف آئی اے نے کہا تھا کہ انہوں نے انٹرپول سے حسین حقانی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔اس سے قبل بھی ایف آئی اے متعدد مرتبہ انٹرپول سے حسین حقانی کی گرفتاری کے لیے درخواستیں پیش کر چکی ہے جس کے جواب میں انٹرپول نے کیس سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کا کہا لیکن ورانٹ جاری نہیں کیا۔