سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد(ڈیلی خبر)سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جومناسب وقت پرسنایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بنچ نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی ،وفاقی وزیر مملکت کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز عدالتی توہین کے مرتکب نہیں ہوئے،وفاقی وزیر نے عدالتی فیصلوں پر تنقید کی ،وکیل صفائی کا کہناتھا کہ دانیال عزیز عدلیہ کی عزت کرتے ہیں ،اس میں کوئی اگرمگرنہیں۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر مگر تو ہے،کیا آپ کا موقف ہے توہین ہوتی توافسوس ہے،جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ چلنے والی ویڈیوکے نکات کی تردید نہیں کی گئی،وکیل دانیال عزیز نے کہا کہ دانیال عزیز نے بیان کے متن کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ دانیال عزیز کے تحریری بیان کا جائزہ بھی لیا ہے،دانیال عزیزکانجی ٹی وی پرچلنے والی ویڈیو پرموقف پرکھیں،وکیل دانیال عزیز نے کہا کہ ویڈیو سے غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے دلائل مکمل ہونے پرتمام وکلا کاشکریہ اداکیا اور کہا کہ دانیال عزیز! آپ نے بھی کیس برا پیش نہیں کیا۔عدالت نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو مناسب وقت پر سنایا جائے گا۔