نواز شریف آف شور کمپنیوں نیلسن اور نیسکول کے بھی مالک ہیں، نیب تفتیشی افسر

اسلام آباد(ڈیلی خبر) نیب ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ اور تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا ہے کہ نواز شریف آف شور کمپنیوں نیلسن اور نیسکول کے مالک ہیں۔کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ نواز شریف اور مریم نواز عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کے گواہ اور نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر جرح کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے عدالت سے درخواست کی کہ گواہ نے جو کچھ کہا ریکارڈ پر آنا چاہیے۔تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا کہ تفتیش کے دوران سامنے آیا نیلسن اور نیسکول آف شور کمپنیاں ہیں، جن کے بے نامی دار مالک میاں نواز شریف ہیں، تاہم یہ درست ہے کہ ایم ایل ایز کے جواب میں نیب کو موصول دستاویزات میں نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے نام نہیں، دستاویزات جے آئی ٹی کے27 مئی2017 کو لکھے گئے ایم ایل اے کے جواب میں آئی تھیں، ایم ایل ایزمیں نیلسن اور نیسکول کے اصل مالک سے متعلق معلومات مانگی گئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران ڈوگر نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ نواز شریف عوامی عہدہ رکھتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے، لندن کے فلیٹس 1993 سے نوازشریف اور دیگر نامزد ملزمان کے زیراستعمال ہیں۔ تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے نواز شریف پبلک آفس ہولڈ کرتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے، یہ فلیٹس نواز شریف نے ہی نیلسن اور نیسکول لمیٹڈ نامی آف شور کمپنیوں کے ذریعے بے نامی دار کے نام پر خریدے۔