الیکشن کمیشن کی وزیر اعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی مذمت

اسلام آباد (ڈیلی خبر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلائی مخلوق والے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کےخلاف ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلائی مخلوق والے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کےخلاف ہے۔ آئین و قانون کے تحت الیکشن کمیشن ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اہم منصب پرفائزشخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے ارکان کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا گیا ۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ انتخابات نگران حکومت نہیں خلائی مخلوق کرائے گی لیکن ہم پھر بھی حصہ لیں گے، امید ہے انتخابات شفاف ہوں گے۔
دریں اثناء سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بدھ کو صادق آباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خلائی مخلوق کی اصطلاح متعارف کرائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے آگے عمران خان اور زرداری کوئی شے نہیں ہیں بلکہ ان کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے۔