اداکارہ ارمینا خان نازیبا گفتگو کرنے پر شیخ رشید پربھڑک اٹھیں

کراچی(ڈیلی خبر): پاکستانی اداکارہ ارمینا خان سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ پر بھڑک اٹھیں اور کہا ایسے شخص کو ٹی وی پر بلانے کی اجازت کیسے دی گئی۔اداکارہ ارمینا خان سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال رہتی ہیں اور اداکاری کے علاوہ ملکی مسائل میں بھی بہت زیادہ دلچسپی لیتی ہیں اور اکثروبیشتر اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز ارمینا خان نے سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی کلاس لیتے ہوئے انہیں خوب کھری کھری سنادیں۔ارمینا خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیاہے جس میں شیخ رشید کسی ٹاک شو میں بیٹھ کر فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کررہے ہیں۔ ارمینا خان نے فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کے لیے نازیبا لفظ استعمال کرنے پر شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ’’کون ہے یہ آدمی؟ اوریہ کیوں فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کررہاہے؟ اس کے علاوہ اسے کس نے اجازت دی اتنی نامناسب زبان ٹیلی ویژن پر استعمال کرنے کی؟ایک صارف نے ٹوئٹر پر ارمینا خان سے کہا آپ نے صرف ایک لفظ پر غور کیا ہے یہ سیاستدان اسی طرح کی باتیں کرتے ہیں جس پر ارمینا خان نے جواب دیتے ہوئے کہا ’’تصور کریں، اس طرح کے لوگ ہمارے لیڈرز ہیں۔‘‘ایک اور ٹوئٹ میں ارمینا خان نے کہاکہ انہیں اس آدمی(شیخ رشید) کی وجہ سے بہت شرمندگی ہورہی ہے۔ کیسے آپ اپنے وسیع اثرات کی بنا پر کسی کے بارے میں اس طرح کے بیانات دے سکتے ہیں۔ میری ہڈیوں میں سرد لہر دوڑ گئی یہ سب سن کر، کیا یہ سیاستدان تعلیم یافتہ ہیں؟ ان کا پس منظر کیا ہے اور یہ کہاں سے تعلق رکھتے ہیں؟ برطانیہ میں اس شخص کو کسی بھی عوامی دفاتر کے قریب بھٹکنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی۔